گھوٹکی ؛ ملت ایکسپریس اور سر سید ایکسپریس  ریل گاڑیوں میں تصادم ،  30    مسافر جاں بحق، تقریباً 55 سے زائد زخمی

34

گھوٹکی،7جون  (اے پی پی): ڈہرکی کے قریب ملت ایکسپریس اور سر سید ایکسپریس ریل گاڑیوں  کے مابین تصادم کے نتیجے میں    سے کم از کم  30   مسافر جاں بحق اور55سے زائد زخمی ہو گئے ہیں،حادثے کے باعث مزید ہلاکتوں  کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

 ملت ایکسپریس کراچی سے سرگودھا جارہی تھی اور سرسید ایکسپریس لاہور سے کراچی جارہی تھی کہ  اس دوران ملت ایکسپریس کی بوگیاں ڈہرکی کے قریب پٹری سے اتر گئیں، سرسید ایکسپریس   ملت ایکسپریس کی پٹری سے اتری ہوئی بوگیوں  سے ٹکراگئی ۔

 حادثے کی اطلاع ملنے  پر  علاقے میں امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا  گیا، پاک فوج کے انجینئرز کی خصوصی ٹیم جائے حادثہ کے لیے روانہ ہوگئی ہے ۔ زخمیوں اور جاں بحق افراد کو صادق آباد، ڈہرکی اور میرپور ماتھیلو کےہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے ۔

 ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ریلوے کے4 ملازمین بھی شامل ہیں۔مسافروں کے ٹرین میں  پھنسے ہونے کا خدشہ ہے جس کے لیے ہیوی مشینری منگوائی گئی ہے جبکہ  مقامی افراد بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔