ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی آزاد کشمیر الیکشن مہم میں مریم نواز کیجانب سے اہم اور حساس قومی امور پر غیر ذمہ دارانہ تقاریر اور بیانات کی مذمت

7

سیالکوٹ،21 جولائی  (اے پی پی): معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا آزاد جموں وکشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی الیکشن مہم کے دوران مریم نواز اور اس کے نابالغ سیاسی ٹولے کی جانب سے اہم اور حساس قومی امور پر غیر ذمہ دارانہ تقاریر اور بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی راجکماری اور اس کی کنیزیں اور نابالغ ٹولہ اپنی مقبولیت بڑھانے اور ہندستان سے کاروباری تعلق کی بنیاد پر آزاد کشمیر کے الیکشن میں غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہی ہیں، در پردہ جعلی راجکماری ہندوستان کی قیادت اور وہاں کی کاروباری کمیونٹی کے ساتھ گٹھ جوڑ کو مضبوط بنانے کیلئے افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کو متنازعہ بنارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر جیسے حساس مسئلہ پر آزاد کشمیر کا وزیر اعظم بہتان تراشی کررہا ہے ،دھاندلی کا واویلہ اور شور کا مطلب یہ ہے کہ اپوزیشن کو آزاد کشمیر کے انتخابات میں اپنے شکست نظر آرہی ہے ۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن کمیشن آپ کا لگایا اور وزیر اعظم آپ کی جماعت کا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 187بلین روپے آزاد کشمیر کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر خرچ ہورہے ہیں اور ڈویلپمنٹ کا بجٹ صرف 28ارب روپے ہے۔انہوں نے کہا کہ جعلی راجکماری جہاں جہاں سرکس اور شو لگارہی ہے وہاں پر ہزاروں ملازمین ان جلسوں میں جارہے ہیں، جعلی راجکماری بھارتی تسلط زدہ کشمیر کے مقابلہ میں پاکستانی تسلط زدہ کشمیر کا بیانیہ سامنے لارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم صفدر آزاد کشمیر میں کھڑی ہو کر جس طرح بولتی ہے تو وہاں انڈین میڈیا اس کی بے ہودہ اور اداروں کے خلاف غلیظ زبان کو لائیو کٹ دیتا ہے،اس کا مطلب یہ ہوا یہ دشمن کے ہاتھوں کھلونا بن چکی ہے ،یہ خاندان پاکستان کو نقصان پہنچانے کے در پہ ہے ، یہ خاندان چاہتا ہے اگراقتدا ر میں ہو تو پاکستان چاہیئے اگر اقتدار میں نہیں پاکستان کو مضبوط اور مستحکم نہیں ہونے دینا۔

معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ملکی ترقی کیلئے کوششوں کو سبوتاژ کرنا ان کا مقصد ہے ۔گلگت ، بلتستان کی طرح آزاد و جموں کشمیر میں بھی اپوزیشن منہ کی کھائے گی،پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر میں بھی اپنی حکومت بنانے جارہی ہے ۔