آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کیلئے فیصل آباد میں پولنگ جاری

31

فیصل آباد، 15 جولائی   (اے پی پی ):آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کیلئے فیصل آباد میں پولنگ جاری، شدید گرمی اور حبس کے باوجود ووٹروں کا جوش و خروش دیدنی  ہے ، فیصل آباد میں قائم 6 پولنگ سٹیشنوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے   گئے   ہیں ،  امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے پنجاب پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے  اہلکاروں  کو  تعینات کیا  گیا ہے

دو حلقوں LA34 جموں 1 اور LA42 کشمیر ویلی III کے انتخابات کیلئے فیصل آباد میں پولنگ جاری ہے ، حلقہ ایل اے 34 میں 14اورایل اے 42 میں 9 امیدواروں میں مقابلہ ہے  ، گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول ڈی گراؤنڈ،اے وی ماڈرن ہائی سکول ڈی گراؤنڈ،گورنمنٹ ہائی سکول نمبر ون تاندلیانوالہ کے کمبائنڈپولنگ اسٹیشن پر کشمیر ویلی III اور گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول چک جھمرہ،گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول جڑانوالہ اور گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 2 سمندری کے کمبائنڈ پولنگ سٹیشن پر بھی پولنگ  صبح 8 بجے سے  شروع ہوگئی ہے ۔

 شدید گرمی کے باعث پولنگ سٹیشنوں پر سائے اور کورونا ایس او پیز کے تحت سماجی فاصلہ کیلئے کرسیوں پر بیٹھنے اورپینے کے ٹھنڈے پانی سمیت پنکھوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے ۔