اسلام آباد، 14جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس کے ڈیٹا اور ادائیگی کے ڈیجیٹل نظام کی بدولت احساس ایمرجنسی کیش کی بروقت و شفاف ترسیل ہوئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایشیائی ترقیاتی بینک انسٹی ٹیوٹ ٹوکیو کے زیراہتمام کورونا وائرس کی وبا اور مختلف ممالک کے سماجی تحفظ بارے اقدامات پر بین الاقوامی تقریب سے خطاب میں کیا۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کی اور صدارتی خطاب کیا۔ انہوں نےسماجی تحفظ اقدامات کے تجربات پر روشنی ڈالی اور کورونا وائرس کی وبا کے دوران لاک ڈاؤن میں غریب خاندانوں کی داد رسی کے لئے حکومت پاکستان کی جانب سے جاری کردہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے محرکات، تجربات، اسبق اور کامیابیوں پر اظہار خیال کیا ۔
تقریب میں حکومت پاکستان کے احساس کے سماجی تحفظ پروگرام کو زبردست ستائش حاصل ہوئی۔دیگر مقررین میں ایشیائی مملک کے پالیسی سازوں اور نمائندے شامل تھے ۔