اسلامی فلاحی معاشرے کے لیے تعلیم کا فروغ ناگزیر قومی ضرورت کی حیثیت رکھتا ہے؛ صوبائی صدر الخدمت فاؤنڈیشن خالدوقاص

33

 

پشاور، 7جولائی(اے پی پی): الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص  نے کہا کہ اسلامی فلاحی معاشرے کے لیے تعلیم کا فروغ ناگزیر قومی ضرورت کی حیثیت رکھتا ہے۔

ان خیالات کا   اظہار  انہوں نے  آغوش ہوم میں زیر کفالت بچوں کی تعلیمی ضروریات اور علاقہ مکینوں کو گھر کی دہلیز پر معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن سکول آغوش کیمپس کوہاٹ  کی   افتتاحی تقریب  سے خطاب میں  کیا  جس کی تعمیر پر ڈیڑھ کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے حکومت،والدین اور اساتذہ کرام پر مشتمل تکون پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ عوام کو معیاری تعلیمی مواقعوں کی فراہمی سمیت تمام بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی یقینی بنائیں ،اسلامی فلاحی معاشرے کے قیام کے لیے ضروری ہے کہ بچوں کو عصری علوم کے ساتھ ساتھ دینی اور اخلاقی تعلیمات سے بھی آراستہ کیا جائے، تعلیم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ اور قوم ترقی نہیں کرسکتا، بامقصد تعلیم کے ذریعے ہی ملک اور قوم کو بہترین قیادت فراہم کی جا سکتی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت کے صوبائی صدر خالد وقاص نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن سکولز سسٹم کے تحت اس وقت صوبہ بھر میں 24سکولز قائم ہیں جہاں پر ساڑھے سات ہزار سے زائد بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آغوش ہوم کوہاٹ میں زیر کفالت بچوں کی تعلیمی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن سکول آغوش کیمپس کوہاٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کی تعمیر پر ڈیڑھ کروڑ روپے لاگت آئی ہے اور یہ علاقے کا ایک بہترین معیاری تعلیمی ادارہ ہوگا جس میں آغوش کے طلبہ کے ساتھ ساتھ گردونواح میں مقیم علاقہ مکینوں کے بچوں کو بھی گھر کی دہلیز پر بہترین تعلیمی سہولیات میسر ہوں گی۔

اس موقع پر انہوں نے معززین علاقہ کے ہمراہ تختی کی نقاب کشائی کرکے سکول میں ممتاز معلم نصر اللہ شجیع شہید کے نام سے منسوب بلاک کا افتتاح کیا۔

 تقریب میں سینیٹر شمیم آفریدی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوہاٹ بشیر خان، بابری بانڈہ کوہاٹ کی ممتاز سماجی شخصیت حاجی غلام علی آفریدی، پیر فائق شاہ، الخدمت کے ضلعی صدرصاحبزادہ محمد فہیم، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر محمد عابد، سابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر اقبال دین فنا سمیت صحافیوں، ڈاکٹروں، وکلاء تاجروں اور علاقہ عمائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اے پی پی /صائمہ حیات/نورین