ریسکیو 1122 ملتان کا محرم الحرام اور یوم عاشور کے لیے جامع ایمرجنسی کور پلان جاری، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ملتان

21

ملتان، جولائی 01 (اے پی پی): ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ملتان ڈاکٹر حسین میاں کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہیڈکوارٹر چوک کمہارانوالہ میں منعقد ہوا جس میں محرم الحرام، بالخصوص یوم عاشور کے موقع پر کیے جانے والے حفاظتی اور امدادی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

ڈاکٹر حسین میاں نے بتایا کہ حسبِ روایت ضلع ملتان سمیت تحصیل شجاع آباد اور جلالپور پیر والا کی بڑی امام بارگاہوں، مجالس اور ماتمی جلوسوں میں عزاداروں کو بروقت ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے 9 اور 10 محرم کو “کوڈ ریڈ” نافذ کرتے ہوئے تمام ریسکیورز کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ 600سے زائد ریسکیورز جدید طبی آلات سے لیس ہو کر ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ 35 ایمبولینسز، 17 فائر وہیکلز اور دیگر ریسکیو وہیکلز متعین کردہ جگہوں اور  ماتمی جلوسوں کے ساتھ موجود رہیں گی۔95موٹر بائیک ایمبولینسز کی خصوصی پوائنٹ بنائے گئے ہیں اور وہ شہر کے اہم چوراہوں اور تنگ راستوں میں فوری رسپانس کے لیے تعینات کی گئی ہیں۔امام بارگاہوں اور مرکزی مقامات پر موبائل ایمرجنسی ریسکیو پوسٹیں بھی قائم کر دی گئی ہیں۔

ڈاکٹر حسین میاں نے کہا کہ جلوسوں کے ہمراہ فائر وہیکلز اور فرسٹ ایڈ سے لیس موبائل پوسٹیں بھی موجود رہیں گی تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں بروقت کارروائی کی جا سکے۔اس دوران ایمرجنسی آفیسر ایڈمن انجینئر محمد بلال، ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر ارشد خان، کنٹرول روم انچارج مدثر ضیا ، اسٹیشن کوآرڈینیٹرز اور شفٹ انچارجز تمام انتظامات کی نگرانی کریں گے۔

عوام الناس کو مطلع کیا جاتا ہے کہ ریسکیو 1122 کا کنٹرول روم 24/7 فعال ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر 061-9220305 پر رابطہ کریں یا موقع پر موجود ریسکیو اسٹاف سے مدد حاصل کریں۔

ریسکیو 1122 کی انتظامیہ نے تمام عزاداروں، جلوس منتظمین اور امام بارگاہوں کے متولی حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ ریسکیو ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ بروقت اور محفوظ طبی امداد کی فراہمی ممکن ہو سکے۔