ملتان ،30جولائی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کےتعین بارے طریقہ کار تبدیل کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔انہوں نے پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ
اشیائے ضروریہ کی پرچون قیمتوں کے تعین کے لئے ہول سیل نرخ کو مدنظر رکھ کر منافع کی شرح مقرر کی جائے اور ہر ماہ کی یکم اور پندرہ تاریخ کو مقررہ شرح کے مطابق اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی ریٹ لسٹ جاری کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ پرائس لسٹ جاری کرنے کےلئے ہول سیل اور پرچون فروش تاجر تنظیموں سے مشاورت کی جائے، دوسرے اضلاع میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کے تقابلی جائزے کے ذریعے نرخوں کے تعین سےصارفین کو فائدہ نہیں پہنچتا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اشیائے ضروریہ کے نرخوں کے حوالے سے مصنوعی مہنگائی کا سخت نوٹس لیا ہے، تمام دکاندار شاپس پر ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں ۔
علی شہزاد نے کہا کہ مقررہ نرخ سے زائد قیمت وصول کرنیوالے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی شروع کی جارہی ہے۔ ناجائز منافع خوروں،ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاون کا آغاز کیا جارہا ہے۔
ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں اشیائے ضروریہ کے نئے نرخوں کا تعین کر دیا گیا ہے، ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی نے14 اشیائے ضروریہ کے نرخ کم کردیئے ہیں۔ دالوں،سوجی،میدہ اور چاول کچی و پکی باسمتی کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی ہے، دال مسور موٹی 126روپے اوردال مونگ دھلی کا نرخ 128روپے فی کلو مقرر کر دیا گیا ہے ،دال چنا باریک 113 روپےاوردال چنا موٹی116 روپے فی کلوگرام میں فروخت ہو گی، دال ماش موٹی 203روپے اور دال ماش دھلی باریک190 روپے فی کلو میں سیل ہو گی اور چنا سفید باریک 127 روپے اور چنا سفید موٹا کا ریٹ142روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔ نیا چاول باسمتی کرنل کچی118روپے اور چاول باسمتی کرنل پکی 120روپے فی کلوگرام میں دستیاب ہو گا، چاول اری سکس 56روپے، سوجی66 روپےاور میدہ66 روپے اور بیسن118روپے فی کلو میں فروخت ہو گا 100 گرام وزن کی تندوری روٹی کا نرخ7 روپے مقرر کیا گیا ہے ،100گرام سادہ نان 10 روپے اور120 گرام روغنی نان15 روپے میں فروخت کیا جائے گا ، دودھ کچا کھلا 75 روپے لٹر اور دہی کا نرخ 85 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے بڑا گوشت450 روپے کلو اور چھوٹا گوشت850روپے کلو میں فروخت ہو گا جبکہ پھل اور سبزیاں مارکیٹ کمیٹی کے روزانہ مقرر کردہ نرخ پر فروخت ہونگی۔
اے ڈی سی ریونیو محمد طیب خان اور اے سی سٹی خواجہ عمیر محمود سمیت ہول سیل ڈیلر فیصل شفیق اور پرچون فروش یونین کے صدر آفاق انصاری اور صارفین کی نمائندے بھی موجود تھے ۔ڈسٹرکٹ آفیسر پرائسس طارق ولی، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اعجاز سلیم ، ڈی ایف سی احمد جاوید اور ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی وقارالحسن بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔