افغانستان میں امریکہ کی ناکامی کو پاکستان اور افغانستان دونوں بھگت رہے ہیں؛چوہدری فواد حسین

43

اسلام آباد ، 28 جولائی (اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے  افغانستان میں امریکہ کی ناکامی کو پاکستان اور افغانستان دونوں بھگت رہے ہیں  ،یہ پاکستان اور افغانستان کے لوگوں کو سوچنا ہے کہ اس صورتحال کو کیسے سنبھالنا ہے۔

بدھ کو یہاں  پاک افغان میڈیا کنکلیو سے خطاب میں وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے  کہا کہ روس اور امریکا نے کابل پر قبضہ کیا اور نتائج ہمیں بھگتنا پڑے، القاعدہ نے نیویارک میں کارروائی کی جس کے نتیجہ میں افغانستان کے اندر صورتحال خراب ہوئی۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امریکا  کی پالیسی ناکام ہوئی تو اس کے نتائج افغانستان اور پاکستان دونوں بھگت رہے ہیں۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ 1988ءمیں جب افغانستان میں بحران ختم ہوا تو یو ایس ایس آر اور امریکا  تو وہاں سے چلے گئے لیکن سارا بوجھ پاکستان اور افغانستان کے لوگوں کو برداشت کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان کے لوگوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر آگے بڑھے، پاکستان نے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی۔