اسلام آباد،28جولائی (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیاحت کے شعبے کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے ملاقات میں کیا، جنہوں نے بدھ کو یہاں وزیرِ اعظم سے ملاقات کی۔ وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا نے وزیرِ اعظم کو مختلف اضلاع میں جاری سیاحتی سرگرمیوں اور آنے والے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو سہولت فراہم کرنے اور مسائل کے تدارک کیلئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں سیاحوں کو بہترین سہولیات دینے کیلئے جامع حکمتِ عملی مرتب کر لی گئی ہے، اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے سیاحت کے فروغ کیلئے دیئے گئے روڈ میپ کے مطابق ترقیاتی منصوبوں اور اقدامات پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو انضمام شدہ اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت پر بھی بریفنگ دی۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے سیاحت کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاحت کے شعبے کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے نہ صرف مقامی علاقوں میں معاشی سرگرمیاں پیدا ہوگی بلکہ ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہو ں گے۔











