اوکاڑہ،09جولائی (اے پی پی): ڈاکوؤں کے ساتھ پولیس مقابلے میں شہید ہونے والے ایلیٹ فورس کے جوان اسد جمیل کی نماز جنازہ پولیس لائن اوکاڑہ میں ادا کر دی گئی ۔ نماز جنازہ میں آر پی او احمد ارسلان اور ڈی پی او فیصل شہزاد صدر بار مرزا ذوالفقار ایڈووکیٹ سابق صوبائی وزیر اشرف خان سوہنا،ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج، ایس پی عبداللہ لک اورپولیس کے افسران ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شہید اسد جمیل کو پورے اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔شہید اسد جمیل کو پولیس دستے نے سلامی پیش کی، نماز جنازہ میں ہر آنکھ اشکبار تھی۔ آر پی او احمد ارسلان نے کہا کہ اسد جمیل نے شہادت کا رتبہ پا کر خود کو ہمیشہ کے لیے امر کر لیا ڈی پی او فیصل شہزاد نے کہا کہ اسد جمیل کے خاندان کے ساتھ پولیس فورس کھڑی ہے۔