اسلام آباد، 10 جولائی (اے پی پی ): کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے قرضوں کی تقسیم کا عمل مزید تیز کر دیا گیا ہے ، منصوبے کے تحت نوجوانوں میں 15 ارب روپے کی تقسیم کا عمل مکمل ہو چکا ہے ، جس کی مدد سے حکومت نے ابتک 13 ہزار 2 سو نوجوانوں کو ذاتی روزگار فراہم کر دیا ہے ۔
اس تاریخی کامیابی پر وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے معاون بینکوں کو مبارکباد دی اور اپنا ذاتی کاروبار کیسے شروع کریں؟اس حوالے سے ایک نوجوان کی کہانی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے شیئر کر دی۔
کامیاب جوان پروگرام کے تحت اٹک کے رہائشی سجاد الرحمن نے قرض حاصل کر کے اپنا روزگار شروع کیا اور آجکل اس کاروبار کو کامیابی سے چلا رہا ہے ۔
سجاد الرحمن نے کہا کہ وہ اردو ادب میں ماسٹر ڈگری ہونے کے باوجود 10 سال تک بے روزگار رہا، خواب تھا کہ اپنا کاروبار کروں مگر وسائل کی کمی بڑی رکاوٹ بنی رہی۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے قرض کیلئے درخواست دی تو بینک سے رقم مل گئی۔
سجاد الرحمن نے کہا کہ پہلے چھوٹے پیمانے پر کاروبار شروع کیا آج کامیابی سے بڑے پیمانے پر بزنس کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جیسا لیڈر ہو تو نوجوان مایوس نہیں ہوں گے۔
معاون خصوصی عثمان ڈار نے سجاد الرحمن کو کامیاب کاروبار پر مبارکباد دی اور کہا کہ 13 ہزار سے زائد نوجوانوں کو ذاتی روزگار کی فراہمی اہم سنگ میل ہے ۔انہوں نے کہا کہ کم از کم 1 لاکھ افراد براہ راست حکومتی منصوبے سے مستفید ہو چکے ہیں ۔
عثمان ڈار نے کہا کہ وزیر خزانہ شوکت ترین نے منصوبے کو مزید تیز کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے ہیں، وزیراعظم کے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے ویژن میں کوئی کمی کوتاہی نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ نجی و کمرشل بینکوں کی جانب سے زبردست تعاون پر بھی انہیں خصوصی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔











