اپوزیشن جو مر ضی کر لے وہ وزیر اعظم عمران خان کو دباؤ میں نہیں لاسکتی؛چوہدری محمد سرور

44

لاہور، 28 جولائی(اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ آج پورے پاکستان میں یکساں ترقی کے منصوبے شروع ہیں،اپوزیشن جو مرضی کر لے وہ وزیر اعظم عمران خان کو دباؤ میں نہیں لاسکتی۔

ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے صوبائی وزیر سردار آصف نکئی سے گفتگو میں کیا، جنہوں نے بدھ کو یہاں گورنر ہاؤس میں  ان  سے ملاقات کی۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ

مخالفین کے کسی احتجاج اور دھرنے سے حکومت خوفزدہ ہونے والی نہیں، ان سیاسی مخالفین کے سوا ہر کوئی ملکی معاشی ترقی اور استحکام کا اعتراف کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کا حکومتی فیصلہ انتخابات کو صاف اور شفاف بنانا ہے، الیکٹرانک ووٹنگ کی مخالفت کر کے اپوزیشن دھاندلی کی حمایت کریگی، انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن کو میں نہ مانوں کی ضد چھوڑ دینی چاہیے۔

چوہدری محمد سرورنے کہا کہ اپوزیشن شفاف انتخابی عمل چاہتی ہے تو انتخابی اصلاحات پر بات کرے، ہم چاہتے ہیں آئندہ عام انتخابات کی شفافیت پر کوئی بھی انگلی نہ اٹھاسکے۔انہوں نے کہا کہ  وزیر اعظم عمران خان ہمیشہ ملک و قوم کے مفاد میں سخت فیصلے کرتے ہیں، سیاسی مخالفین جتنی مرضی آل پارٹیز کانفر نس بلا لیں الیکشن اپنے وقت پر ہی ہونگے۔