این ای ڈی یونیورسٹی جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم کے فروغ میں مصروف ہے؛ گورنر سندھ عمران اسماعیل

26

کراچی،7جولائی (اے پی پی):گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ملک میں آئی ٹی انڈسٹری کے لئے بہت پوٹینشل ہے اور موجودہ حکومت ایسے تمام اقدامات کو سپورٹ کر رہی ہے، مجھے این ای ڈی یونیورسٹی کی کارکردگی پر فخر ہے اور یونیورسٹی جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم کے فروغ میں مصروف ہے، ان اقدامات سے تعلیم کے شعبہ میں انقلاب رونما ہو گا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں منعقدہ پاکستان انٹیلی جینٹ ایجوکیشن سمٹ2021 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران اسماعیل نے طالب علموں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے حصول میں آنے والی مشکلات کو جذبہ اور خوشدلی سے برداشت کرتے ہوئے نا صرف تعلیم کو مکمل کریں بلکہ ملک کی ترقی اور تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ نوجوانوں کو ہی آگے آکر اس ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کہاکہ کووڈ کی وباکی وجہ سے طالب علموں کا بڑا نقصان ہوا، اس وجہ سے یونیورسٹی نے متبادل تعلیم کا طریقہ اپنایا اور آن لائن طریقہ تعلیم سے ہونے والے تعلیمی نقصان کو کور کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایچ ای سی کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر شائستہ سہیل نے کہا کہ آن لائن طریقہ تعلیم کو مزید ماڈرن لائنز پر استوار کرنے کے لئیے اور طلبہ اور طالبات کے ٹیلنٹ کو ابھارنے  کیلئے  ہوآوے (Huawei)کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ کے لئے یہ ایک انقلابی قدم ہے ۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی ہوآوے (Huawei)نے کہا کہ تعلیم کو ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں اور اس ضمن میں ہوآوے (Huawei)جدید ٹکنالوجی پاکستان کو منتقل کر رہا ہے تاکہ کووڈ19- جیسی صورتحال میں بھی تعلیم متاثر نہ ہو۔