ملتان،19جولائی(اے پی پی): ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر)ثاقب ظفرنے ایگریکلچر سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور جنوبی پنجاب کے ٹاسک فورس ونگ کے نئے اپ گریڈ بلاک کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت ثاقب علی عطیل،ایڈیشنل سیکرٹری زرعی ٹاسک فورس بارک اللہ خان بھی موجود تھے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت کا جنوبی پنجاب میں زرعی شعبے کی ترقی پر خصوصی فوکس ہے، زرعی انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے متعلقہ محکمے مشترکہ پلیٹ فارم کے ذریعے بہترین نتائج حاصل کررہے ہیں اور رواں مالی سال میں خطیر فنڈز زرعی منصوبوں کی مد میں فراہم کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اس خطے کے کسانوں کو ریلیف دینے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوگا صوبہ کی تاریخ میں پہلی دفعہ جنوبی پنجاب میں زرعی ترقی کیلئے 11 ارب روپے سے زائد کا علیحدہ بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
سیکرٹری زراعت نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کسان دوست پالیسیوں کے ثمرات کاشتکاروں کی دہلیز تک پہنچانے کیلئے سخت اقدام جاری ہیں۔











