ای گورننس لارہے  ہیں  ،ورثا  کو اپنا جائز قانونی حق جلد اور آسان طریقے سے میسر ہوگا: وزیر اعظم عمران خان نے

34

اسلام آباد۔14جولائی  (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہماری حکومت میں ای گورننس لائی جائے، یہاں فائل گم ہوجاتی ہے پھر آگ لگ جاتی ہے،لینڈ ریکارڈ  تک کو آگ لگ جاتی ہے، ای گورننس سے یہ سارا سسٹم اس سے بچ سکتا ہے۔ تقریب سے وفاقی وزیر قانون اور انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے بھی خطاب کیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ وراثتی سرٹیفیکیٹ کا نادرا کے ذریعے اجرا حکومت کی طر ف سے عوام کے لئے ایک بڑا اقدام ہے جس کے نتیجے میں قانونی ورثا عدالتوں سے رجوع کئے بغیر نادرا سے 15 دن کے اندر وراثتی سرٹیفکیٹ حاصل کرسکیں گے۔ یہ اقدام وزیر اعظم عمران خان کے اس ویژن کا حصہ ہے جو شہریوں کو ان کے جائز حقوق بغیر دقّت حاصل کرنے کو یقینی بناتا ہے۔ اس اقدام سے عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم ہوگااور ورثا  کو اپنا جائز قانونی حق جلد اور آسان طریقے سے میسر ہوگا۔ یہ نظام خصوصی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے خاص افادیت کا حامل ہے جن کو پہلے وراثتی سرٹیفکیٹ  حاصل کرنے کے لیے پاکستان آنا پڑتا تھا۔ اب وہ بیرون ملک ہی بایو میٹرک تصدیق سے سرٹیفیکیٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ اسلام آباد میں اس نظام کی کامیابی کے بعد پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا نے بھی ان قوانین کو اپنے صوبوں میں اختیار کرلیا ہے۔ صوبہ پنجاب نے اس ضمن میں تمام قانونی ضروریات پوری کرلی ہیں اور اب صوبہ میں تمام اضلاع میں موجود نادرا سینٹرز وراثتی سرٹیفکیٹ اجرا کرنے کے مجاز ہیں۔