چنیوٹ،14جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سید مسعود نعمان نے مون سون بارشوں کے حوالہ سے انتظامی افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ شہر سے بارشی پانی کی نکاسی کے حوالہ سے عملی اقدامات کا جائزہ لیں اور اس حوالہ سے تمام امور کی کڑی نگرانی کریں تاکہ شہریوں کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی او ایم سی کے ہمراہ ڈسپوزل ورکس کے دورہ کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ شہر اور تحصیلوں کے نشیبی علاقوں میں پانی کا انخلا فوری کیا جائے جبکہ گلیوں اور سڑکوں کی صفائی ستھرائی میں کسی قسم کی سستی کی مظاہر ہ نہ کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کارپوریشن کے افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ بارش کا پانی جمع ہونے کی اطلاع پر اس کے فوری نکاس کا بندوبست کریں اورشہرکے تمام ڈسپوزل پلانٹس کو چالو حالت میں رکھا جائے تاکہ نکاسی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔
ڈپٹی کمشنر سید مسعود نعمان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں سستی اورعملہ کی غیر حاضری کسی صورت میں ہر گز برداشت نہیں کی جائیگی، ایم سی کا عملہ اپنی ذمہ داریاں باقاعدگی سے انجام دیں تاکہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے مشن میں شہریوں کا تعاون انتہائی ناگزیر ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوران بارش برقی آلات ، بجلی کے پولز اور بجلی کے تاروں کے پاس ہرگز نہ جائیں جبکہ گھروں کی ناقص اور غیر پختہ چھتوں کے نیچے بیٹھنے سے گریز کریں۔











