بحرین کے ساتھ اقتصادی و تجارتی روابط بڑھانے کے متمنی ہیں ،وزیر خارجہ

7

اسلام آباد،29جولائی (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جمعرات کو منامہ میں بحرین کے ولی عہد، نائب سپریم کمانڈر اور وزیر اعظم شہزادہ سلمان بن حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور   بحرین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود  سے متعلقہ امور پر بھی زیرِ بحث آئے۔

وزیر خارجہ نے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ کو بحرین کے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ  2019 میں وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ء بحرین سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت ملی،  پاکستان، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں اقتصادی ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سلطنتِ بحرین کے ساتھ اقتصادی و تجارتی روابط بڑھانے کے متمنی ہیں ۔

ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد بن عیسی الخلیفہ نے بحرین کی تعمیر و ترقی میں، یہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تعمیری کردار کی تعریف کی ۔انہوں نے بحرین کی دفاعی و سیکیورٹی استعداد کی ترقی میں پاکستان کی معاونت کو سراہا۔

وزیر خارجہ نے بحرین کے وزیر اعظم، ولی عہد، شہزادہ سلمان بن حمد بن عیسی الخلیفہ کو وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے دورہ ء پاکستان کی دعوت دی۔

وزیر اعظم بحرین نے وزیراعظم عمران خان کی دعوت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستانی قیادت اور عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جبکہ بحرین کے وزیر اعظم، ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ نے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔