بہاولنگر/ محرم الحرام امن یکجہتی کانفرنس کا انعقاد

27

 بہاولنگر، 29 جولائی(اے پی پی): بہاول نگر پرامن خطہ ہے اور یہاں کے لوگ امن پسند ہیں، محرم الحرام عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر بہاول نگر شفقت اللہ مشتاق نے محرم الحرام کے سلسلہ میں منعقدہ امن یکجہتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی پی اومحمد ظفر بزدار، انتظامی افسران، ضلعی محکموں کے سربراہان، ممبران ضلعی امن کمیٹی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن محمود حسین نجف، انجمن تاجران، میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ملک میں امن و امان کی فضا قائم رکھنے کے لئے ہم سب نے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام اتحاد، یگانگت اور بھائی چارہ کی فضا برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ظفر بزدار نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے جلوس اور مجالس مقامات کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اتحاد، یگانگت کی فضا برقرار رکھنی ہے تاکہ دشمن اپنے مذموم مقاصد حاصل نہ کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ خطہ میں امن و امان کی فضا قائم ہے۔منبر و محراب سے امن، بھائی چارہ اور اتحاد و یگانگت کا درس دیا جائے گا۔

قبل ازیں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام اور دیگر مقررین نے اظہار خیال کیا۔