اسلام آباد،15جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیربرائے قانون و انصاف بیرسٹر ڈاکٹر فروغ نسیم نے کہا ہےکہ ترکی اور پاکستان دنیا بھر میں امن کے قیام میں شراکت دار ہیں، پاکستان اور ترکی بھائی ہیں،جو بین الاقوامی فورمز پر ایک ساتھ کھڑے ہیں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں ترکش کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی ٹیکا کے زیر انتظام ترکی کےیوم جمہوریت اور قومی وحدت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی دو ملک ایک قوم ہیں، پاکستان نے جمہوریت کی بالادستی کی جنگ میں ترکی کا ساتھ دیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی بین الاقوامی فورمز پر ایک ساتھ کھڑے رہے اور اس میں کسی کو کوئی ابہام نہیں ہونا چاہئے کہ دونوں ممالکبین الاقوامی فورمز پر ایک ساتھ کھڑے ہیں ۔بیرسٹر فروغ نسیم نے بتایا کہ ترک بھائیوں نے دہشتگرد تنظیم کا بہادری سے مقابلہ کیا، جمہوریت کی جنگ میں سینکڑوں کی تعداد میں شہید اور زخمی ہونے والے ترک بھائیوں کو سلام پیش کرتاہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سپریم کورٹ کو سلام ہے جس نے ترکی پر حملہ کرنے والی تنظیم کے سکولز کا نوٹس لیااور سپریم کورٹ نے ترک تنظیم کے زیر اہتمام سکولز کو بند کرایا اور یہ معارف فائونڈیشن کے حوالے کئے گئے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ترک قوم جمہوریت کے لیے سڑکوں پر نکلی، ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردوان نے متعدد بار پاکستان کا دورہ کیا،ترکی اور پاکستان دنیا بھر میں امن کے قیام میں شراکت دار ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں ترکی کے سفیر مصطفی یرداکل نے کہا کہ پانچ سال قبل آج کے دن ترک قوم جمہوریت کے لئے سڑکوں پر نکلی اور منتخب نمائندوں کا ساتھ دیا، ترک عوام نے جمہوریت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت صرف ترکی کے لیے نہیں پوری دنیا کے لیے مثال ہے، جن لوگوں نے ملک کی سالمیت کے لیے جانوں کو نظرانہ پیش کیا ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹرڈاکٹر فروغ نسیم نے ترکی کے شہدا کی یاد میں ایف نائن پارک میں پودا بھی لگایا۔