ملتان،14جولائی(اے پی پی): جعلی ادویات کے خلاف ملتان کی تاریخ کی سب سے بڑی کاروائی، محکمہ صحت کا پولیس کے ہمراہ ڈبل پھاٹک چاہ تھلے والا میں گھر پر کامیاب چھاپہ مارا گیا ہے اور گھر کے مختلف حصوں میں سٹاک کی گئی کروڑوں روپے مالیت کی جعلی ادویات سمیت جعلی پیکنگ مٹیریل اور مہریں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئے اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب الرحمان، ڈرگ کنٹرولر راو ساجد اور سی ایس او شبانہ سیف بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے گھر کی نچلی اور بالائی منزل پر سٹاک کی گئی ادویات کا معائنہ بھی کیا، گھر کا ڈرائنگ روم،سٹور، بیڈ رومز، صحن جعلی ادویات کے ڈبوں سے بھرے پڑے تھے۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ محکمہ صحت کو جعلی ادویات کے کاروبار بارے دو ماہ قبل ٹپ ملی تھی اور کہا محکمہ صحت کا ڈرگ کنٹرول کا شعبہ جعلی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کا پیچھا کررہا تھا علی شہزاد نے کہا کہ مکمل ریکی کے بعد پولیس کے ہمراہ گھر پر چھاپہ مارا گیا جعلی ادویات میں اینٹی بائیوٹک اور دیگر جان بچانے والی میڈیسن بھی شامل ہیں۔
علی شہزاد نے کہا کہ جعلی ادویات کا کاروبار کرنے والے معاشرے کے ناسور ہیں، انسانی زندگی سے کھیلنے والے یہ عناصر عبرتناک سزا کے حقدار ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا جعلی ادویات کے کاروبار میں ملوث افضل نامی شخص عادی مجرم ہے یہ پہلے بھی جعلی ادویات کا کاروبار کرنے کے جرم میں سزا کاٹ چکا ہے، اس بار یہ کڑی سزا سے نہیں بچ سکے گا، کیس کی مکمل تفتیش کی جائے گی علی شہزاد نے کہا کچھ ادویات کے لیبلز سے پتہ چلتا ہے کہ یہ کسی سرکاری ہسپتال کی ملکیت ہیں اس کیس کی ہر زاویے سے تفتیش کی جائے گی اور جعلی ادویات میں ملوث پورے گروہ کو بے نقاب کیا جائے گا۔











