ہماری نوجوان نسل پاکستان کو ترقی دے گی،یونیورسٹی کے طلباء کو دیکھ کر دلی خوشی  ہوئی، یہاں مستقبل ہے، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز

49

اسلام آباد،14جولائی  (اے پی پی): وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ ہماری نوجوان نسل پاکستان کو ترقی دے گی،یونیورسٹی کے طلباء کو دیکھ کر دلی خوشی  ہوئی، یہاں مستقبل ہے، یہاں یوتھ ہے۔ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی  نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام بارہویں سالانہ اوپن ہاؤس میں شرکت کے موقع پر فیصل مسجد کیمپس میں انعامات کی تقسیم کی تقریب  سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یونیورسٹی کے طلباء کو دیکھ کر دلی خوشی ہوئی، یہاں مستقبل ہے، یہاں یوتھ ہے۔ لڑکیوں کے سب سے زیادہ پروجیکٹس دیکھنے کو ملے۔  شبلی فراز  نے کہا کہ انجرینگ اور ٹیکنالوجی کے بہتر اہم پراجیکٹس دیکھنے کو ملے۔ ہماری نوجوان نسل پاکستان کو ترقی دے گی۔

 انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ادارہ یا ملک ایک ہی ردھم میں نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہاکہ ریسرچ برائے ریسرچ سے زیادہ اہم ریسرچ برائے ڈویلپمنٹ  ہے۔ انڈسٹری، حکومت اور یونیورسٹی میں ایک تعلق بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

شبلی فراز  نے کہاکہ وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی آپ لوگوں کو لیبارٹری کی مدد فراہم کرے گی۔ طلباء وزارت سائنس کی لیبارٹری میں بغیر کسی مشکل کے استعمال کرسکتے ہیں۔ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق ہر طبقے کو آگے لیکر جانا ہے۔