جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اور اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ترقیاتی منصوبوں  کے سلسلے میں ورکشاپ

79

ملتان،  16 جولائی(اے پی پی ):جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اور اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ترقیاتی منصوبوں  کے سلسلے میں ورکشاپ منعقد ہوئی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے صدارت کی۔ اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے شاہ ناصر خان نے شرکاء کو بریفنگ بھی دی۔

اس موقع پر جنوبی پنجاب میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور مسائل کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔

 ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے اقوام متحدہ کی بھرپور معاونت حاصل ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ تعلیم اور صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں پر فنڈنگ کی جارہی ہےجبکہ عالمی ڈونرز کو جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے موثر پلان فراہم کیا جارہا ہے۔

ثاقب ظفر نے کہا کہ یو این سمیت عالمی ادارے جنوبی پنجاب کی ترقی میں خصوصی فوکس رکھتے ہیں خواتین کو معاشرے کا کارآمد حصہ بنانے کیلئے خصوصی منصوبے تجویز کئے ہیں اور کہا ماحولیات،واٹر منیجمنٹ اور ہیومن ریسورس کے شعبوں میں یو این سے باہمی تعاون بڑھائیں گے۔

اقوام  متحدہ کے خصوصی نمائندے شاہ ناصر خان نے کہا کہ یو این کی گرانٹ کے شفاف استعمال کو یقینی بنائیں گے اور کہا کہ  ترقیاتی سکیموں اور سالانہ ترقیاتی پروگرام پر حکومت کو مکمل سپورٹ کرینگے ۔ شاہ ناصر خان نے کہا کہ غربت کا خاتمہ اور ہنر مند افراد میں اضافہ اقوام متحدہ کا بنیادی فوکس ہے۔

 ورکشاپ میں جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز نے اپنے محکموں کے حوالے سے بریفننگ بھی دی۔