سلک روڈ کی بحالی سے جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور یورپ کو آپس میں منسلک کرنے سے ایک بڑا تجارتی نیٹ ورک قائم ہوگا؛ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین

54

تاشقند ،16جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سلک روڈ کی بحالی سے جنوبی ایشیائی، وسطی ایشیاءاور یورپ کو آپس میں منسلک کرنے سے ایک بڑا تجارتی نیٹ ورک قائم ہوگا ، وزیراعظم عمران خان اور ازبکستان کے صدر کا وژن ہے کہ ہمیں روڈ نیٹ ورک کے ساتھ ساتھ ٹرین نیٹ ورک پر بھی کام کرنا چاہئے۔

 جمعہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ علاقائی روابط کانفرنس میں 60 سے زائد ممالک نے شرکت کی۔ وزیراعظم عمران خان سمیت ازبکستان اور افغانستان کے صدور کے علاوہ 20 ممالک کے وزرائے خارجہ اس کانفرنس میں شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا بنیادی موضوع علاقائی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔ کانفرنس میں شاہراہ ریشم کی بحالی پر بھی غور ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں شاہراہ ریشم کے ذریعے تجارتی سرگرمیاں انجام دی جاتی تھیں، یہ سڑک جنوبی ایشیاءسے براستہ کابل اور تاشقند تک جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلک روڈ کی بحالی سے جنوبی ایشیائ، وسطی ایشیاءاور یورپ کو آپس میں منسلک کرنے سے ایک بڑا تجارتی نیٹ ورک قائم ہوگا۔