سکھر،28جولائی(اے پی پی ): پولیس کا دبر اور سانگی کے علاقوں میں آپریشن،جتوئی اور جاگیرانی قبائل کے 25 افراد گرفتار،اسلحہ برآمدکرلیا گیا،فریقین میں فائرنگ کا سلسلہ رک گیاہے۔
سانگی اور دبرکے علاقوں میں جتوئی اور جاگیرانی قبائل کے مابین گزشتہ 48 گھنٹوں سے فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا جس کا سکھر پولیس نے نوٹس لیا۔
ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کی سربراہی میں دبر اور سانگی کے علاقوں میں آپریشن کیا گیا، جس میں 25 افراد کو گرفتارکیا گیا اور ان کے متعدد محفوظ ٹھکانے بھی مسمار کردیے گئے ہیں، جن سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔
علاقوں میں پولیس کی اضافی پکٹس قائم کردی گئی ہیں۔ایس ایس پی سکھرعرفان سموں کا کہنا ہے کہ علاقے میں خون ریزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔