سیالکوٹ،28 جولائی(اے پی پی): صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی38 سیالکوٹ 4 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری ہے، پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے سے ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ اس سلسلے میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے تمام انتظامات مکمل ہیں، حلقے میں پرامن پولنگ کے لئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، تمام پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر پولیس کے علاوہ رینجرزکے اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔
ضمنی انتخابات پی پی 38سیالکوٹ 4کے آج ہونے والے الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ ن، تحریک لبیک پاکستان سمیت دیگر6 آزاد امیدوار بھی قسمت آزمائی کے لیے میدان میں ہیں۔ حلقہ پی پی 38 سیالکوٹ شہر کے شمال مشرق میں واقع ہے مذکورہ حلقہ سیدانوالی، لنگڑیالی، رسول پور بھلیاں، بھاگوال، دھیراسندھا، پڑتا نوالی ،پراگ پور، چرنڈ،وریو،ہندل ،میانی ،پکی کوٹلی، کندن پور، کمانوالہ، اور ڈالووالی یونین کونسلز230 دیہات پر مشتمل ہے۔حلقہ کی آبادی تین لاکھ 69 ہزار ایک سو نفوس پر مشتمل ہے۔ حلقہ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار چار سو 22 ہے، جن میں1 لاکھ28 ہزار 128مرد اور1 لاکھ5ہزار294خواتین شامل ہیں جن کے لیے165پولنگ سٹیشن، 487 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں اورآر او آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیاہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تمام نقل و حمل کو مکمل مانیٹر کیا جائے گا۔
مذکورہ نشست پاکستان مسلم لیگ کے خوش اختر سبحانی کے انتقال کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔ ضمنی انتخابات 2021 میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے احسن سلیم بریار، مسلم لیگ ن کی جانب سے طارق سبحانی جبکہ تحریک لبیک کی جانب سے فہیم مشتاق سمیت 6 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔