عید الاضحی سے ہمیں ایثار وقربانی کا درس ملتا ہے، ڈپٹی کمشنر علی شہزاد

47

ملتان، 19جولائی (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے عید الاضحیٰ کے موقع پر تمام ہم وطنوں اور اہلیان ملتان کو پیشگی عید مبارک کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحی سے ہمیں ایثار اور قربانی کا درس ملتا ہے،ہمیں عید کی خوشیوں میں غرباء، مساکین اورضرورت مندوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔

ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہےکہ پوری دنیا کی طرح پاکستان بھی کورونا وباءسے نبرد آزما ہے اور عالمی وباءکی چوتھی لہر کا خطرہ ہمارے سر پر منڈلا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ کورونا وباء کے خطرے کے پیش نظر شہری شاپنگ،نماز عید اور میل جول میں کورونا ایس او پیز پر عمل کریں۔

انہوں نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی برقرار رکھنا انتظامیہ کے لئے ایک چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے،ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لئے ایک جامع ایکشن پلان تشکیل دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے گرینڈ صفائی پلان کے لئے اضافی مشینری اور ہیومن ریسورس کا انتظام کیا ہے،شہری جانوروں کی آلائشوں کو پلاسٹک بیگ میں ڈال کر ایم ڈبلیو ایم سی کے ورکرز کے حوالے کریں۔