ملتان، 17 جولائی (اے پی پی ): منیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصراقبال نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے حوالے سے شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کی سروسز کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات تیز کیے جائیں اور محرم الحرام کے آغاز سے قبل جلوس روٹس ،امام بارگاہوں اور قبرستانوں کے اردگرد نکاسی آب ،گٹروں پر ڈھکنوں کی سو فیصد موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔
یہ احکامات گزشتہ روز صدیقیہ روڈ گلگشت،نواب پور روڈ کے جلوس روٹس،مچھلی مارکیٹ چوک،باوا صفرا روڈ کے علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے جاری کیے۔ انہوں نےواسا کے تمام سیوریج واٹر سپلائی اور ڈسپوزل اسٹیشن ڈویژنوں کے ڈپٹی ڈائریکٹرز کو ہدایت کی ہے وہ اپنی اپنی حدود میں لائسنس داران اور عزاداروں سے مکمل رابطہ رکھیں اور ان کی نشاندہی پر عیدالاضحیٰ کے فوری بعد جلوس روٹس پر واسا سے متعلق شکایات کو ہنگامی بنیادوں پر دور کریں۔ انہوں نے مچھلی مارکیٹ چوک سے دولت گیٹ میٹرو اسٹیشن کی جانب تھرسٹ بورنگ کے عمل کو مزید تیز کرنے کے بھی احکامات جاری کر دیے ہیں
اس دوران لائسنس داروں نے نواب پور روڈ،صدیقیہ روڈ جلوس روٹس پر واسا سے متعلق مسائل کی نشاندہی بھی کی جس پر ایم ڈی واسا نے تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
بعد ازاں ایم ڈی واسا نے مچھلی مارکیٹ چوک سے دولت گیٹ میٹرو سٹیشن پر تھرسٹ بورنگ کے ذریعے سیوریج کے بائی پاس منصوبے کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ کنٹریکٹر کو تھرسٹ بورنگ کا عمل مزید تیز کرتے ہوئے منصوبے کو یکم محرم الحرام سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے باوا صفرا روڈ پر نئی سیوریج لائن ڈالنے کے بعد روڈ کا بھی معائنہ کیا اور عید گاہ سیوریج سب ڈویژن کو راستے کو مکمل ہموار کر کے باقاعدگی کے ساتھ چھڑکاؤ کروانے کا حکم دیا ۔
ڈپٹی ڈائریکٹر سیوریج نارتھ ڈویژن محمد ساجد اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیوریج گلگشت سب ڈویژن فضل الرحمن سمیت لائسنس داران اصغر عباس نقوی،مبشر رضا،ارشاد حسین شاہ صابر حسین، اعجاز حسین، عرفان عباس نقوی ایڈووکیٹ،علی حسین سمیت دیگر بھی موقع پر موجود تھے۔
اے پی پی /کاشف/حامد