ملتان؛ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کا ٹمبر مارکیٹ، اعوان پورہ اور چونگی نمبر14 کا دورہ

40

ملتان، 25جولائی(اے پی پی):ضلع ملتان میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کے بروقت آغاز کے لئے کام تیز کر دیا گیا ہے۔ اتوار کی چھٹی کے باوجود ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ٹمبر مارکیٹ، اعوان پورہ اور چونگی نمبر14  کا دورہ کیا۔انہوں نے ٹمبر مارکیٹ میں بنیادی مرکز صحت اور اعوان پورہ میں آئی ہسپتال کے قیام کے لئے جگہ کا معائنہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بنیادی مرکز صحت اور آئی ہسپتال کے منصوبوں پر19 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیںں۔انہوں نے بتایا کہ ٹمبر مارکیٹ میں واقع ایمرجنسی میڈیکل سنٹر کو اپ گریڈ کرکے بنیادی مرکز صحت کا درجہ دیا جارہا ہے،5کروڑ روپے کی لاگت سے بنیادی مرکز صحت کی نئی عمارت تعمیر کی جائے گی اور  حکومت پنجاب نےمنصوبے کے لئے فنڈز فراہم کر دئے ہیں۔

علی شہزاد نے بتایا کہ اعوان پورہ میں آئی ہسپتال تعمیر کیا جائے گا جس کی تعمیر پر14 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ آئی ہسپتال بہت اہمیت کا حامل منصوبہ ہے،پبلک سیکٹر میں  ملتان میں یہ پہلا آئی ہسپتال ہو گا،دونوں منصوبوں کی جگہ کے تعین کے لئے مختلف تجاویز زیرغور ہیں۔اس بارے فیصلہ تمام سٹیک ہولڈر کو اعتماد میں لیکر عوام کے وسیع تر مفاد میں کیا جائے گا۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب الرحمان، ڈی ایچ او ڈاکٹر فاروق احمد، ایکسین بلڈنگز حیدر اور ڈی ڈی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عرفان انجم بھی انکے ہمراہ تھے۔