ملتان؛ ایجو کیشنل اینڈ سوشل فورم وسوسائٹی فار سپیشل پرسنز کے زیر اہتمام مادر ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کے 54ویں یوم وفات کے موقع پر تقریب کا  انعقاد

37

ملتان ، 9 جولائی (اے پی پی ): ایجو کیشنل اینڈ سوشل فورم وسوسائٹی فار سپیشل پرسنز کے زیر اہتمام مادر ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کے 54ویں یوم وفات کے موقع پر تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر پروفیسر عنایت علی قریشی، زاہد ہ حمید قریشی، میاں وقاص فرید قریشی نے کہاکہ تحریک پاکستان اور قیام پاکستان میں اہم کردار ادا کرنے والی مادر ملت فاطمہ جناح ہمارے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں، نوجوان اکابرین انکے نقش قدم پر چل کرملک کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہاکہ قیام پاکستان کیلئے جن معتبر شخصیات نے قربانیاں دیں ہیں انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے، قومی ہیروز کی لازوال داستانیں نسل نو کیلئے رہنمائی کابہترین ذریعہ ہے۔

 انہوں نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر تھیں، انہوں نے جمہوریت کی بحالی کیلئے بھی گراں قدر خدمات سر انجام دیں ، اگر فاطمہ جناح کی شخصیت کا مطالعہ کریں، انکا جو کردار ہے کارنامے ہیں پاکستان بنانے میں اہم کردار ادا کیا اور خواتین کو منظم کیا۔

 اس موقع پر رانا اسلم ساغر، شوکت بدر، بابر وارثی نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ؒ اور مادر ملت فاطمہ جناح ؒ نے ہمیشہ اصولوں کے مطابق اپنی زندگی بسر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنے محسن کو بھلا دیتی ہیں وہ معاشرہ تنزلی کا شکار ہو جاتا ہے ہمیں اپنی نئی نسل کو تحریک پاکستان کے اکابرین و مشاہیر سے متعارف کروانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نعمت خداوندی ہے ہمیں اس کی جتنی زیادہ ہو سکے قدر کرنی چاہیے۔

 اس موقع پر محمد علی رضوی، راشد حسینی،آصف اقبال، عارف انور، شاہد ملک، فیصل یوسف، عدنان حسین شریک تھے۔تقریب کے اختتام پر مادر ملت فاطمہ جناح کی بلندی درجات کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔