ملتان؛ گورنر پنجاب چوہدری سرور  نے  نیا پنجاب سکول سولرائزیشن پروگرام کا گورنمنٹ پرائمری سکول بستی مان والا میں افتتاح کر دیا

36

ملتان، 9 جولائی (اے پی پی ):گورنر پنجاب چوہدری سرور نے صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک کے ہمراہ نیا پنجاب سکول سولرائزیشن پروگرام کا گورنمنٹ پرائمری سکول بستی مان والا میں افتتاح  کر دیا۔

اس موقع  پر  گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے سے حکومتی اخراجات میں کمی واقع ہو گی۔

 گورنر پنجاب نے وہاڑی روڈ سے بستی مان تک پختہ سڑک کی تعمیر کا بھی افتتاح کیا۔گورنر چوہدری سرور نے کہا تحریک انصاف کی حکومت نے وسائل کا رخ عوامی مسائل کے خاتمے کی طرف موڑ دیا ہے ، رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت سے ترقی کی نئی راہیں نکلیں گی۔ انہوں  نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو عصری سہولیات دیکر ہی قوم کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے ، معیاری اور اعلی تعلیم کی فراہمی اور فروغ حکومت کی ترجیح ہے۔

 وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت  ضلع ملتان کے 747 سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائیگا، نیا پنجاب سکول سولرائزیشن پروگرام کے تحت اب تک ضلع ملتان کے 664 سکولز شمسی توانائی پر منتقل کیے جا چکے ہیں ۔انہوں نے  کہا  کہ  بہترین تعلیمی ماحول کی فراہمی طلباء کی استعداد کار میں اضافے کا سبب بنے گی، پنجاب حکومت نے تمام تعلیمی اداروں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔

  ڈاکٹر اختر ملک نے کہا حکومت شہری ترقی کیساتھ ساتھ دیہی اور مضافاتی علاقوں کو جدید اور ترقی یافتہ بنانے کے لئے کوشاں ہے۔