ملتان،12جولائی (اے پی پی):جنوبی پنجاب کے پہلے ایمیزون سہولت مرکز کاعیدالاضحی کے بعد افتتاح ہوگا۔ اس مرکز قیام کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اس مرکز کے قیام کامقصد پاکستانی مصنوعات کو بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی دینا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزیرمواصلات و پوسٹل سروسز مرادسعید نے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔
پوسٹ ماسٹر جنرل جنوبی پنجاب ذوالفقارحسنین نے اس حوالے سے اے پی پی کوبتایا کہ وفاقی حکومت ہرممکن کوشش کررہی ہے کہ ہمارے ملک کے بڑے ایکسپورٹر سے لے کر عام شہری کے ہاتھ سے بنائی گئیں مصنوعات کو بڑے پلیٹ فارم تک رسائی ملے۔ وفاقی وزیر کی خواہش ہے کہ ایمازون تک پاکستان کو رسائی ملے اور ان کے اس خواب کو پورا کرنے کے لیے پاکستان پوسٹ ان کے شانہ بشانہ کام کررہاہے۔ اس مقصد کے لیے جنرل پوسٹ آفس ڈیرہ اڈا میں جنوبی پنجاب کے پہلے ایمازون فل فلمنٹ اینڈ فیسیلٹیشن سینٹرپرکام مکمل کرلیاگیا ہے اورعیدالاضحی کے فوراً بعد اسے فعال کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے ہم ملتان چیمبر آف کامرس کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں ہیں اورہماری کوشش ہے کہ جنوبی پنجاب کے ماہر دستکاروں اور ہنرمند افراد کے ہاتھ سے بنائی گئی مصنوعات دنیا میں پاکستان کی پہچان بنیں۔ انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے جنرل پوسٹ آفس ڈیرہ اڈا کی عمارت میں ایمازون ویئرہائوس بنانے کا فیصلہ بھی کرلیا ہے تاکہ ہم ایمازون کے تقاضوں کو پورا کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ ایمازون اس وقت بڑی مارکیٹ پورٹل ہے جو پوری دنیا کو کور کررہی ہے اور وہاں تک میڈ ان پاکستان مصنوعات کاجانا حکومت کی بڑی کامیابی ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے چھوٹے بڑے ایکسپورٹرز ایمازون کی سیلر لسٹ میں رجسٹرڈہوکر اپنی مصنوعات با آسانی بیرون ملک فروخت کرسکیں گے، بہاولپور اور جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی ایمازون فل فلمنٹ اینڈ فیسیلٹیشن سینٹر قائم کرنے کے ساتھ ویئر ہاوس قائم کرنے پر بھی کام تیزی سے جاری ہے، ان سینٹرز کے قیام سے خاص طورپر گھریلو صنعتکاری کو براہ راست بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی ملے گی اور ان سینٹرز کے قیام سے نہ صرف پاکستانی زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان پوسٹ کی آمدن میں بھی خاطرخواہ اضافہ دیکھنے کوملے گا۔