وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اپنے چینی ہم منصب وانگ ای کی دعوت پروفد کے ہمراہ دو روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

63

بیجنگ،23جولائی (اے پی پی):وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اپنے چینی ہم منصب وانگ ای کی دعوت پر وفد کے ہمراہ دو روزہ دورے پر چین پہنچ گئے۔چین کے چینگڈو ہوائی اڈے پر وزارتِ خارجہ چین کے اعلیٰ حکام نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا ۔وزیر خارجہ آج( ہفتہ) کو چین کے صوبے سیچوان کے دارالحکومت چینگڈو میں پاک چین دو طرفہ وفود کی سطح پر منعقدہ مذاکرات میں شرکت کریں گے اور پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ ان مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات ، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون ،پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں پر ہونیوالی پیش رفت،کرونا ویکسین کی دستیابی ، انسداد دہشت گردی، دفاعی و سیکورٹی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا جائے گا۔

وفود کی سطح پر ہونیوالے پاک، چین مذاکرات کے بعد دونوں وزرائے خارجہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

وزیر خارجہ، دورہ ء چین کے دوران چینی وزیر خارجہ وانگ ای سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

وزیر خارجہ کا یہ دورہ چین، پاکستان اور چین کے درمیان ستر سالہ کامیاب سفارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ کے حوالے سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔