وزیر اعظم عمران خان کشمیر کو مضبوط بنانے کیلئے کوشاں ہیں: معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

39

سیالکوٹ،18جولائی (اے پی پی):  معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیر کو مضبوط بنانے کیلئے کوشاں ہیں،  وزیراعظم  بین الاقوامی لیڈر شپ کے سامنے قومی مفادات اور کشمیر یوں کا مقدمہ جرات سے لڑ رہے ہیں۔

اتوار کو یہاں سیالکوٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بھارت کو افغانستان کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم بنانے کی اجازت نہیں دینگے اور ان کی ساری کوششوں کو ایک ایک کرکے ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ایک جلسہ نے کشمیر کے الیکشن کا پاسہ پلٹ کررکھ دیا ہے، عمران خان نے مظلوم کشمیریوں کی جنگ جرات اور بہادری سے لڑی اور کشمیر کے شہداء ، غازیوں، اسیروں اور مصیت زدہ کشمیریوں کا مقدمہ کامیابی سے لڑ رہے ہیں۔

 ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیر میں پی ٹی آئی ووٹ کی پرچی کی طاقت سے حکومت بنانے جارہی ہے، کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ حقیقت کا روپ بنے گا، عمران خان کشمیر کیلئے مسیحا کا روپ دھارے ہوئے ان کی امیدوں پر پورا اترے گا۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے اندر ادارے جس تباہ حالی کا شکار ہیں ہم ان اداروں کو خود مختار اور بااختیار بنانے جارہے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ  الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کو مضبوط کرنے جارہے ہیں، کشمیر کو مالی اور انتظامی خود مختاری دینے جارہے ہیں۔ عام کشمیری تعلیم، صحت اور بہتر مواصلات سے آج بھی محروم ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری قیادت عمران خان کی طرف دیکھ رہی ہے، 25جولائی کو کشمیری اپنی ترقی اور خوشحالی پر مہر لگانے جارہے ہیں۔

 ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ کشمیر کے الیکشن پر نقب زنی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، پی پی 38میں ن لیگ ضمیروں کی خرید و فروخت سے باز رہے۔ الیکشن کمیشن ن لیگ کے ایم پی ایز اور ایم اینز کو ایس او پیز کی خلاف ورزی سے روکے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ پیسوں کے ذریعے سےلوگوں کے ضمیر سے خریدنے سے باز رہے، نوٹوں سے نہیں بلکہ ووٹوں سے الیکشن جیتے گے۔