پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تاریخی اور ثقافتی تعلقات ہیں؛ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین

23

تاشقند ،15جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تاریخی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔ وزیراعظم کے دورہ ازبکستان سے پاکستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ معاشی اور سیکورٹی اعتبار سے ایک نیا دروازہ کھلے گا، امید ہے آنے والے سالوں میں وسطی ایشائی ریاستوں کے ساتھ تجارت میں کئی گنا اضافہ ہوگا۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو ازبکستان میں بزنس فورم کی تقریب میں شرکت کے دوران کی ۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا  کہ صدارتی محل میں وزیراعظم عمران خان کی ازبکستان کے وزیراعظم سے ملاقات ہوئی ہے، وزیراعظم عمران خان آج شام کو ازبکستان کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے،اس دورہ کا اہم مقصد پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے درمیان سفری سہولیات میں اضافہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں سے سامان تاشقند تک آئے، اس سے وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ ہماری تجارت میں کئی گنا اضافہ ہوگا، وزارت تجارت نے اس حوالے سے بہت کام کیا ہے ،دورہ کا دوسرا حصہ افغانستان میں امن سے متعلق ہے، کل یہاں ایک اہم کانفرنس ہونے جا رہی ہے جس میں علاقائی روابط پر بات ہوگی اور وزیراعظم علاقائی روابط کی اہمیت پر گفتگو کریں گے،علاقائی روابط سے معیشت کی وسعت میں بے پناہ اضافہ ہوگا،بڑی تعداد میں کاروباری افراد بھی تاشقند آئے ہوئے ہیں، انہیں یہاں کاروبار کے مواقع میسر آئے ہیں،وزیراعظم اور ان کے وفد کو بہت احترام سے نوازا گیا، سیکورٹی کے بھرپور انتظامات کئے گئے تھے، ہیلی کاپٹر فضاءمیں گردش کرتے رہے، وزیراعظم عمران خان کا ازبکستان پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔