وزیراعظم عمران خان ازبکستان کے دو روزہ دورے پر  تاشقند پہنچ گئے، ازبکستان کے وزیراعظم عبداللہ عارفوف  نے پرتپاک  خیرمقدم کیا

11

تاشقند۔15جولائی  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان ازبکستان کے دو روزہ دورے پر بدھ کو تاشقند پہنچ گئے۔ ازبکستان کے وزیراعظم عبداللہ عارفوف نے تاشقند ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک  خیرمقدم کیا۔ وفاقی وزیرِ اطلاعات  و نشریات چوہدری فوادحسین ،وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد، وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی، وزیر اعطم کے مشیر برائے  قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف اور عاطف خان بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ  ہیں۔ وزیراعظم ازبکستان کے صدر شوکت مرزا یوف سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں تجارت ،معیشت اور دیگر شعبوں میں تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاجائے گا۔ وزیراعظم کا  دورہ ازبکستان علاقائی و دو طرفہ تجارت ، علا قائی روابط  اور سکیورٹی  کے ضمن میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیرِاعظم کے دورے کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ مفادات کے مختلف اہم معاہدوں اور مفاہمت کی  یاداشتوں پر دستخط  ہوں گے ۔ ان  میں مصنوعات کی نقل و حمل، دونوں ملکوں کے چیمبرز آف کامرس کے مابین تعاون، تجارت ، تعلیم ، ثقافت اور سیاحت جیسے شعبے شامل ہیں۔