پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ حکومت نے غریب عوام کے لئے یوٹیلٹی اسٹورز پر 25 ارب روپے کی سبسڈی دی؛وزیر مملکت فرخ حبیب

16

فیصل آباد،  21  جولائی  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ موجودہ حکومت نے غریب عوام کے لئے یوٹیلٹی اسٹورز پر 25 ارب روپے کی سبسڈی دی، پہلی بار ٹارگیٹڈ سبسڈی لے کر آ رہے ہیں، ستمبر تک 4000 یوٹیلٹی اسٹورز کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا جائے گا۔

 بدھ کی صبح نماز عیدالاضحی کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا بخوبی ادراک ہے اسی لئے انہیں ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے اور ملک بھر میں قائم 4 ہزار یوٹیلیٹی سٹورز اور ان کی 900 فرنچائزز کا ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ کیا جارہا ہے تاکہ ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے صرف حقداروں تک ہی اس کا حق پہنچ اور اس حوالے سے ہر قسم کی کرپشن کا خاتمہ بھی یقینی ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر 15 سے 20 فیصد سبسڈی دی جارہی ہے لیکن چونکہ گھی کی قیمتوں میں عالمی سطح پر 124 فیصدتک اضافہ ہوا ہے اسلئے ان قیمتوں کو ریشنلائز کیا جارہا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔انہوں نے کہا کہ اب صرف حقدار تک اس کا حق پہنچے گا اور کوئی غیر مستحق اس کا فائدہ نہیں اٹھا سکے گا۔