عید کے موقع پر سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی درخواست پر ممکن ہوئی؛وزیر مملکت فرخ حبیب

13

فیصل آباد،  21  جولائی  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ عید کے موقع پر سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی درخواست پر ممکن ہوئی، آج کے دن ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہداور شہداء کشمیر کو سلام پیش کرتے ہیں۔

 بدھ کی صبح نماز عیدالاضحی کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں ہم ان کشمیری بھائیوں کو کسی صورت نظرانداز نہیں کرسکتے جو اپنی آزادی کی جدوجہد میں اپنی قیمتی جانوں کے قربانیاں پیش کررہے ہیں مگر مسلم لیگ ن ان کی قربانیوں کو فراموش کرتے ہوئے مودی کی یاری میں ان کے زخموں پر نمک پاشی کررہی ہے لیکن بظاہر خود کو الیکشن کے چکروں میں کشمیر کی بیٹی قرار دیا جارہا ہے مگر اگر وہ واقعی کشمیر کی بیٹی ہیں تواپنے عمل سے ثابت کرتے ہوئے مودی کے کشمیر میں ڈھائے جانیوالے ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند اور حریت رہنماؤں کے ساتھ مل کر ان کی جدوجہد آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ مودی سرکار  کے پاکستان مخالف اقدامات کی کھل کر مذمت سمیت بھارت کے توسط سے اسرائیل کی جانب سے عمران خان کے فون ہیک کرنے کے واقعات کے اصل حقائق بھی سامنے لائیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ  وزیراعظم عمران خان نے سعودی کراؤن پرنس شہزادہ محمد بن سلمان سے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کی بات کی تھی جس کی روشنی میں بڑی تعداد میں سعودی جیلوں سے پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا جارہا ہے اور گزشتہ روز بھی 62 قیدیوں کو رہا کرواکر خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان لایا گیا ہے تاکہ وہ بھی اپنے گھر والوں کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شریک ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں تمام پاکستانی بھائیوں میں عید کی خوشیاں بانٹنا اور سب کو ساتھ لیکر چلنا ہے۔انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر نہتے کشمیریوں کی جدوجہد کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔