ڈپٹی کمشنر گھوٹکی نے ویکسینیشن سینٹرز پر مقرر ملازمین کی چھٹیوں پر پابندی عائد  کر  دی 

8

گھوٹکی، 08 جولائی    (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر گھوٹکی نے ویکسینیشن سینٹرز پر مقرر ملازمین کی چھٹیوں پر پابندی عائد  کرتے ہو ئے  ہر تحصیل میں فکس سینٹرز بڑھانے  کی ہدایت کی ہے  ۔انہوں نے کہا کہ  ڈی ایچ او اور تمام ایم ایسز   کاکردگی کو   بہتر بناکر مثبت نتائج  دیں ۔

ڈپٹی کمشنر گھوٹکی محمد عثمان عبدﷲ کی زیر صدارت ان کے دفتر میں کورونا ویکسینیشن کا ہدف حاصل کرنے کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کی عوام کو سہولت فراہم کرنے کا لئے تحصیل سطح پر ویکسینیشن سنٹرز بڑھائے جائیں تاکہ لوگ آسانی سے ویکسین کروا سکیں جبکہ موبائل ٹیموں کے ذریعے تمام عبادت گاہوں اور بازاروں میں موجود لوگوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کے لئے حکمت عملی بنائی جائے تاکہ ضلع کے زیادہ سے زیادہ لوگ ویکسینیٹ ہو سکیں ۔

 اس موقع پر انہوں نے ڈی ایچ او کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ویکسینیشن سنٹرز پر موجود کسی بھی ملازم کو چھٹی نہیں دی جائے جبکہ لوگوں کو ویکسین کرنے کے لئے سیاسی، سماجی و مذہبی رہنماؤں سے تعاون حاصل کیا جائے اور تمام فکس سینٹرز پر سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ لوگوں کا ہجوم جمع نہ ہو اس سلسلے میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیل میں ویکسینیشن مہم کی نگرانی کرکے ہر ہفتے رپورٹ فراہم کریں گے۔

 قبل ازیں این اسٹاپ آفیسر ڈاکٹر وقار ڈہر نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں  8 موبائل ٹیمیں ویکسین کر رہی ہیں جبکہ 14  فکس سنٹرز ہیں جن میں سے 9 پی پی ایچ آئی کے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت تک ضلع گھوٹکی کو 73 ہزار 800 ویکسین موصول ہوئی ہیں جن میں سے پہلی خوراک کے تحت 45 ہزار 357 استعمال کی گئی ہیں اور دوسری خوراک کے تحت 10 ہزار 883 استعمال کی جاچکی۔

اجلاس میں  تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور تحصیلداروں سمیت ڈی ایچ او، ڈی ایم پی پی ایچ آئی، تمام ہسپتالوں کے ایم ایسز اور  کورونا کے متعلق فوکل پرسن ڈاکٹر اعجاز پتافی نے بھی  شرکت کی۔