اسلام آباد،15جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ کریمنل لاءمیں ترامیم کر کے وزیر اعظم کو ارسال کر دی ہیں،وراثتی سرٹیفکیٹس 15دن کے اندر ملنے شروع ہوگئے ہیں ،صوبہ سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کا بنایا گیا قانون کاپی کیا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نئے فیڈرل ٹریبونل کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر فروغ نسیم نے کہا کہ وزارت قانون و انصاف کا کام عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہیں اور نئی عدالتوں کے قیام سمیت قانون سازی کرنا بھی شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب میں نے وزارت کا قلم دان سنبھالا تو مجھے وزارتِ قانون کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ روزانہ ڈیڑھ سو ریفرنس آتے ہیں ایک دن میں اگر ڈیڑھ سو کیس آئیں اور ان کو حل نہ کیا جائے تو کتنے کیس جمع ہو جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت قانون انصاف نے عوام کو انصاف کی جلد فراہمی کے لئے نیا فیڈرل ٹریبونل کمپلکس قائم کیا ہے جس میں انوائرمینٹل کمپلکس ،کسٹم ایپلیٹ ٹریبونل کی دو عدالیتں ،میڈیکل ٹریبونل اور نیپرا ٹریبونل کام کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف وزیر قانون کی محنت نہیں بلکہ تمام وزارت قانون نے محنت کی ہے۔
فروغ نسیم نے کہا کہ جی ٹین کے روز پلازہ میں قائم ٹریبونل میں چیئرمین اور ممبران سمیت تقریباً 120 کا سٹاف ہے جو اہم کام سر انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا کام حکومت اور پاکستانی عوام کو مکمل سپورٹ کرنا ہے اور ایسے کام کرنے ہے جس سے کام میں تیزی آئی ۔
بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کوئی بھی وزارت جو بھی کام کرتی ہے اس کی کوشش ہوتی ہے کہ وزارت قانون کی منظوری مل جائے تاکہ بعد میں کوئی قانونی پیچیدگی نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ہر کسی کی کام کرنے کے حوالے سے نیت صاف ہے اور یہی کوشش وزارتِ قانون کی بھی ہوتی ہے ، جو بھی وزارت ہم سے رائے لیتی ہے ہم قانون کے مطابق اسے جواب بھیج دیتے ہیں ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے تین سال کے دوران عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے قانون بنائے ہیں جیسا کہ جانشین سرٹیفکیٹ کا حصول انتہائی مشکل کام تھا ہم نے قانون سازی کر سہولت فراہم کی اب صرف 15دن کے اندر سرٹیفکیٹ حاصل کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بے شک صوبہ سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت ہے انہوں نے بھی وفاق کی جانب سے بنائے گئے قانون کو کاپی کیا ہے ۔
بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ شروع میں وکلا برادری ہم سے ناراض ہوئی تھی لیکن عوام کی سہولت کے لئیے ایسا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کریمنل لا میں ترامیم کرنے کئے لئے وزیر اعظم نے حکم دیا تھا ہم نے کافی محنت کے بعد ترامیم کر کے وزیر اعظم دفتر ارسال کر دی ہیں جس کا وہ بغور جائزہ لے رہے ہیں ۔
فروغ نسیم نے کہا کہ وکلا سمیت ہر شخص کے لئے وزارت قانون کے دروازے کھلے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ فیڈرل جوڈیشل کمپلکس کی عمارت 2013 میں مکمل ہوئی تھی جس میں مختلف کورٹس کام کرتی تھیں ۔انہوں نے کہا کہ نئی عدالتوں کے قیام کے بعد فیڈرل ٹریبونل کمپلکس قائم کیا گیا ہے جس میں دیگر ٹریبونلز بھی جلد منتقل ہو جائیں گے۔
اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملیکہ بخاری ،وفاقی سیکرٹری قانون و انصاف راجہ نعیم اکبر سمیت وکلا کی کثیر تعداد موجود تھی ۔