کوہ سلیمان سمیت جنوبی پنجاب میں سیاحت کے فروغ کے لیے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے؛ریجنل منیجر ٹی ڈی سی پی ملتان اشعراقبال ملک

33

ملتان،15جولائی (اے پی پی): ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب (ٹی ڈی سی پی)کے ریجنل منیجر ملتان اشعر اقبال ملک نے کہا کہ آنے والے وقتوں میں جنوبی پنجاب سیاحت کا مرکز مانا جائے گا، ڈیرہ غازی خان(کوہ سلیمان )میں سیاحت کے فروغ کے لیے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے، سیاحوں کو جنوبی پنجاب کی طرف راغب کرنے کے لیے تمام اضلاع سے مل کر ایک بڑا میکنزیم بنا رہے ہیں۔

 اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اشعر اقبال ملک نے کہا کہ فورٹ منرو ہمیشہ جنوبی پنجاب میں سیاحت کامرکز رہاہے جس پر موجودہ حکومت بھرپور توجہ دے رہی ہےیہاں پر ہماری 16کنال اراضی موجودہے جس پر 1988 میں صرف پانچ کمروں کاریزارٹ بنایاگیاتھا جسے موجودہ حکومت 10سے 11گیارہ کمروں تک بڑھارہی ہے اوراس ریزارٹ کے اندر تھیٹر ،مسجد ،پارکنگ ایریا ،فل فرنیشڈ کمرے، نیا فرنیچر اورعوام کی سہولت کےلئے پبلک ٹوائلٹس بھی بنائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس ریزارٹ کی چاردیواری کی تعمیر پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔

اشعر اقبال ملک نے کہا کہ میری پوری سروس کے دوران جتنا موجودہ حکومت سیاحت کو فروغ دے رہی ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی اوراس وقت کوہ سلیمان میں ہمارے 9منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں چار فعال ہوچکے ہیں ،چار منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہےاس کے علاوہ فورٹ منرو میں جس طرح سیاحت کارجحان بڑھ رہا ہے وہاں پر ہوٹلز اوردیگر تفریحی مقامات بنانے کی بھی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فورٹ منرو میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر چھ کروڑ روپے خرچ کیے جارہے ہیں اس کے علاوہ ٹی ڈی سی پی کے لال سوہانرا اور کوٹ مٹھن میں موجود ہوٹلوں کی تزئین و آرائش پربھی کام تیزی سے جاری ہے اور اسی طرح ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے سخی سرور میں بھی ہوٹل کی تعمیر پر کام تیزی سے جاری ہےاسے اگلے دو ماہ کے اندر فعال کردیا جائے گا۔

اشعر اقبال نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب میں سیاحت کے فروغ کے لیے یہاں کے تمام اضلاع کی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور ان کی تجاویز پر سیاحت کے فروغ کے لیے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔