ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے موقع پر محکمہ صحت وہاڑی کے زیر اہتمام آگاہی واک کا انعقاد

9

وہاڑی، 28 جولائی ( اےپی پی): ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے موقع پر محکمہ صحت وہاڑی کے زیر اہتمام سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر انجم اقبال احسن کی زیر قیادت  ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی میں  آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے شرکت کی  شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ہیپاٹائٹس کے موذی مرض سے بچاؤ سے متعلق حفاظتی تدابیر اور علاج کے پروگرام بارے میں معلومات درج تھی ۔

سی او ہیلتھ ڈاکٹر انجم اقبال احسن نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہیپاٹائٹس ایک جان لیوا مرض ہے جس سے بروقت علاج اور احتیاطی تدابیر اختیار کرکے بچا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کے خلاف عالمی دن منانے کا مقصد اس مرض سے بچنے سے متعلق لوگوں میں شعور وآگہی پیدا کرنا ہے تاکہ اسے پھیلنے سے روکا جاسکےاس بیماری کی سنگینی کے باعث ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے تحت سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو تشخیصی ٹیسٹ اور علاج معالجہ کی وسیع سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ ہیپاٹائٹس کے مہلک مرض سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر ذمہ داری سے عمل کریں

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر انجم اقبال احسن نے ہیپاٹائٹس کے پھیلاؤ کی وجوہات سے متعلق بتایا کہ متاثرہ مریض کے انتقال خون،دانتوں کے غیر محفوظ علاج،استعمال شدہ سرنج و بلیڈ اور متاثرہ مریض کے جنسی تعلقات سے ہیپاٹائٹس کا مرض لاحق ہوسکتا ہے جس سے بچنا چاہیے ہیپاٹائٹس کے خلاف طبی سہولیات کے علاوہ شہریوں کی آگاہی کے لئے سیمینارز اور دیگر پروگرامز بھی منعقد کئے جارہے ہیں