اسلام آباد،16جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے جمعہ کو کرغستان کے سبکدوش ہونے والے سفیر ایرک بیشمبیوو نے پارلیمنٹ ہاوس میں الوداعی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلسچپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سپیکر نے کرغستان کے سفیر کی دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کے لئے سفارتی خدمات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کرغستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان اور کرغستان مذہب، اخوت اور ثقافت کے لازوال رشتوں میں بندھے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرغستان کے ساتھ پارلیمانی اور اقتصادی رابطوں کو فروغ دے کر دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے خواہشمند ہے۔ دونوں ممالک کے پارلیمانوں میں رابطوں کا فروغ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پاکستان چین پاکستان اقتصادی راہداری کی بدولت خطے میں اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز ثابت ہوگا۔خطے کے ممالک میں قریبی رابطے اور شراکتداری خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ پاکستان خطے کے ممالک میں قریبی رابطوں کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ چین اور پاکستان سے نزدیک ہونے کے باعث کرغستان وسطی ایشائی ریاستوں اور اس سے باہر گیٹ وے کا کردار ادا کرسکتا ہے۔اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ای سی او ممالک کی پارلیمانی اسمبلی کی دورسری کانفرنس میں کرغستان کے پارلیمانی وفد کے ہمراہ ورچوئل شرکت پرکرغستان کے اسپیکر کا مشکور ہوں۔سبکدوش ہونے والے کرغک سفیر نے تعریفی کلمات پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تعیناتی کے دوران پاکستان عوام سے جوخلوص اور محبت ملی وہ ہمیشہ یاد رہے گا۔کرغستان پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ دونوں کو اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔











