اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی ملاقات،کسانوں کو درپیش مسائل،قبائلی اضلاع سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

24

اسلام آباد،04 اگست(اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے بدھ کو یہاں ملاقات کی، ملاقات میں ملکی معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال سمیت قبائلی اضلاع سے متعلق اہم امور پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں کسانوں کو درپیش مسائل پر بھی بات چیت کی گئی۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ  کسی صورت کسانوں کا استحصال برداشت نہیں کرسکتا، کسانوں کے مفادات کے لیے ہر اقدامات اٹھائیں گے۔انہوں نے ملاقات میں تمباکو کے کاشتکاروں سے تمباکو کی خریداری میں رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ فصلوں کی بروقت خریداری نہ ہونے کی وجہ سے کسانوں کی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے۔

اسپیکر نے حکومت کے قبائلی عوام اور غریبوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ نئے اضلاع میں صحت انصاف کارڈ کا اجراء قبائلی عوام کے لیے حکومت کا بہت بڑا تحفہ ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ سابقہ فاٹا کے تمام اضلاع کی ترقی اور وہاں کے عوام کی محرومیاں ختم کرنا اولین ترجیح ہے، قبائلی اضلاع میں معاشی سرگرمیاں شروع ہونے  سے روزگار ملے گا۔انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام سے قبائلی نوجوانوں کو روزگار دینگے اور قرضہ فراہم کریں گے تاکہ وہ اپنا روزگار شروع کرسکیں اور معاشی اعتبار سے اپنے پاؤں پر کھڑا ہوسکیں۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ سابقہ فاٹا کا ترقیاتی پیکج منتخب قبائلی قیادت  اور عوام کی مشاورت سے آگے بڑھایا جائے گا۔