بہاولنگر؛یوم شہدائے پولیس کے سلسلے میں عبدالرزاق شہید پولیس لائن میں پروقار تقریب کا انعقاد

9

بہاولنگر،04 اگست(اے پی پی): یوم شہدائے پولیس کے سلسلے میں عبدالرزاق شہید پولیس لائن میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق، ڈی پی او محمد ظفر بزدار دیگر سینئر پولیس افسران سمیت شہداء کے اہل خانہ نے  شرکت کی۔

 اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے ڈی پی او کی سربراہی میں سلامی پیش کی بعد ازاں  ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق،  ڈی پی او ظفر بزدار  اور شہداء کے اہل خانہ نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادریں چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی ،شہداء گیلری میں پولیس افسران اور شہداء کے اہل خانہ نے رجسٹر میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔

  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق نے کہا کہ پولیس شہداء ہمارا فخر ہیں، قوم کی حفاظت کیلئے اپنا آج قربان کرنے والے عظیم سپوتوں اور ان کی قربانیوں کا کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

 ڈی پی او ظفر بزدار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  ضلع بہاولنگر سے تعلق رکھنے والے 24 پولیس افسر و جوان اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں، پولیس کا کمانڈر ہونے کی حیثیت سے پولیس شہداء کے اہل خانہ کی ویلفیئر کیلئے اپنی ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ ہم شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے امن میں ہیں، دہشتگردی کی جنگ میں پولیس نے لازوال قربانیاں دیں اور انشاءاللہ جب بھی ضرورت ہوگی پولیس کے افسر جوان ملک و قوم کےلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔