اسلام آباد،17اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستان عالمی برادری کا ذمہ دار ملک ہے، طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کا فیصلہ یکطرفہ نہیں بلکہ علاقائی اور عالمی طاقتوں کے ساتھ مل کر کریں گے، افغانستان کے حوالے سے ہمارا موقف پہلے بھی واضح تھا، اب بھی واضح ہے، افغانستان میں اس وقت صورتحال اطمینان بخش ہے، یہ خوش آئند امر ہے کہ کابل میں ابھی تک تشدد کا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا، توقع ہے کہ طالبان افغانستان میں قانون کی حکمرانی اور بنیادی انسانی حقوق کا احترام کریں گے، پاکستان نے اشرف غنی کو کئی بار مشورہ دیا کہ وہ تنہاءحکومت نہیں کر سکتے، وزیراعظم عمران خان نے باجوڑ جلسے میں خطاب کرتے ہوئے افغان حکومت سے کہا تھا کہ وہ الیکشن کی تیاری کی بجائے مختلف گروپوں سے بات کر کے ایک متفقہ حکومت بنائیں۔