بہاولپور،17اگست(اے پی پی): ڈی پی او محمد فیصل کامران کی ہدایت پر محرم الحرام کے تناظر میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ فلیگ مارچ کیا گیا۔ فلیگ مارچ بہاولپور سٹی اور سرکل احمد پور میں کیا گیا۔ بہاولپور سٹی میں مارچ کی قیادت اے ایس پی صدر سرکل اور ڈی ایس پی سٹی سرکل نے کی جبکہ سرکل احمد پور شرقیہ میں فلیگ مارچ کی قیادت ڈی ایس پی احمد پور شرقیہ نے کی۔
فلیگ مارچ میں ڈسٹرکٹ پولیس، ٹریفک پولیس، ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس، رینجرز اور ریسکیو 1122نے شرکت کی، فلیگ مارچ پولیس لائنز سے شروع ہو کر شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا واپس پولیس لائنز پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
ڈی پی او محمد فیصل کامران نے کہا کہ فلیگ مارچ کا مقصد عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنا ہے۔ محرم الحرام کے دوران پولیس اور سیکیورٹی ادارے ہمہ وقت چوکس اور الرٹ ہیں، پرامن محرم الحرام کا انعقاد ہماری اولین ترجیح ہے۔











