اوکاڑہ : نول پلاٹ پر ریسکیو 1122پوسٹ کاقیام،اہل علاقہ کا اظہار مسرت

35

اوکاڑہ،11اگست(اے پی پی ): دور افتادہ علاقے نول پلاٹ پر ریسکیو 1122پوسٹ کا اجراء  کر دیا گیاہے ۔ افتتاحی  تقریب کے  موقع پر ڈسڑکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ظفر اقبال نے کہا ہے کہ کسی بھی ناگہانی صورت حال سے دوچار عوام کو فوری ریلیف دینے اور بروقت طبی امداد کی فراہمی کو مدنظر رکھتے ہوئے اور ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے دور افتادہ علاقے نول پلاٹ پر ریسکیو 1122پوسٹ کا قیام عمل میں لایاگیاہےجہاں پرریسکیو 1122کاعملہ چوبیس گھنٹے دن ہو یا رات عوام کی خدمت میں مصروف عمل رہے گا۔

انہوں نے کہاکہ دیہی علاقوں میں ریسکیو 1122 موٹر سائیکل سروس بھی جاری کی جائے گئی تاکہ جہاں گاڑی نہیں پہنچ سکتی وہاں موٹر سائیکل سروس کے ذریعے عوام کو ابتدائی طبی امداد فوری مہیا کی جا سکے۔

قبل ازیں ریسکیو 1122 نول پلاٹ پوسٹ کے اجراء پر اہل علاقہ نے ڈسڑکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ظفر اقبال کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر رہنما پی ٹی آئی رائے حماد اسلم کھرل اور ملک اللہ یار کچھی بھی موجود تھے۔ انہوں نےریسکیو پوسٹ نول پلاٹ کی بلڈنگ گیراج اور فرنیچر دینے کا وعدہ کیا۔ آخر میں ریسکیو ملازمین کو تعریفی سرٹفکیٹ سے بھی نوازا گیااور نول پلاٹ ریسکیو پوسٹ کے صحن میں پودا لگا کر ملکی سلامتی کے لیے دعا بھی کی گئی۔