اٹک؛ یوم عاشور کا روایتی جلوس امام بارگاہ حسینیہ کاملپورسیداں اٹک کینٹ سے کربلا حلیم شاہ تک نکالا گیا

49

اٹک، 19 اگست  (اے پی پی ):  یوم عاشور کا روایتی جلوس امام بارگاہ حسینیہ کاملپورسیداں اٹک کینٹ سے کربلا حلیم شاہ  تک نکالا گیا، حکومت پنجاب اور آئی جی کی ہدایات پر ڈی پی او   رانا شعیب محمود نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کررکھے تھے، کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے رینجرز، ایلیٹ فورس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، رضا کار اور ٹائیگر فورس کی بھاری تعداد بھی موجود تھی جبکہ مختلف مقامات اور پولیس کی گاڑیوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے تھے۔

صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال سید یاور عباس بخاری محرم کے جلوس میں شامل ہوئے اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیکر اطمینان کا اظہار کیا،عزاداران حسینؓ ہاتھوں میں علم بلند کئے، نوحے پڑھتے، سینہ کوبی، زنجیر زنی اور ماتم کرتے رہے اور کافی غم زدہ دکھائی دیئے، جلوس میں شریک بچے بھی حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کو پرسا دیتے دکھائی د یئے، عزادارانِ امامِؓ مظلوم اسلام کی بقاء کے لیے دی جانے والی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے رہے، جلوس کے راستوں میں جگہ جگہ پانی، شربت اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئی تھیں۔

 گزشتہ تین سالوں کی طرح اس مرتبہ بھی عیسائی اور سکھ کمیونٹی نے اٹک میں جلوس کے راستوں پر شربت اور دودھ کی سبیلیں لگائیں ،جنہوں نے صوبائی وزیر یاور بخاری کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی شہادت پوری انسانیت کے لئے ہے، وہ صرف مسلم امہ یا کسی خاص فرقے کے محسن نہیں بلکہ ان کی وجہ سے انسانیت کی بقا ہوئی ہے اس لئے ہم ہمیشہ کی طرح آج بھی عزادارن کیلئے شربت و دودھ کی سبیلیں لگا کر اپنی عقیدت اور بھائی چارے کا اظہار کررہے ہیں۔

  زنجیر زنی کرنے والے عزاداران کو طبی امداد دینے کے لئے ریسکیو 1122اور طبی ٹیمیں موجود تھیں، اے ایس پی ڈاکٹر عمارہ شیرازی، اے ایس پی اٹک جواد اسحاق جلو س کی نگرانی کیلئے خود موجود رہے۔

 اس موقع پر شرکاء نے کہا کہ پوری امت مسلمہ کوامام حسین ؑ کا شکر گزار ہونا چاہیے کہ جنہوں نے قیامت تک کے لیے اسلام کو بقا دی آج شرافت، انسانیت اور غیرت باقی ہے تو یہ حسینت کا کارنامہ ہے۔