ملتان،24اگست(اے پی پی): ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب ظفراقبال اعوان نے کہاہے کہ منشیات کے استعمال سے معاشرہ کھوکھلاہوجاتاہے،تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے منگل کے روز ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں آر پی او خرم علی شاہ، سی پی او منیر مسعود مارتھ اورجنوبی پنجاب سے دیگرافسران نے بھی ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں جنوبی پنجاب کے کرائم کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
ایڈیشنل آئی جی نے مزیدکہاکہ کرائم کی روک تھام کے لئے گشت کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہاکہ منشیات کے استعمال سے معاشرہ کھوکھلا ہوجاتا ہے لہذا عادی منشیات فروشوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اورداخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی سخت کی جائے۔انہوں نے کہاکہ سائلین کو امداد فراہم کرنا پولیس کا اولین فرض ہے اورپولیس افسران خود تھانوں کے اچانک دورے کریں۔