ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان کا جشن آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم کے نام اہم پیغام

34

ملتان 13،اگست(اے پی پی): ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان کا جشن آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم کے نام اپنے اہم پیغام میں کہا  ملک پاکستان ہمارے لئے اپنی جانوں سے بھی زیادہ عزیز ہے، اس وطن عزیز کا ہر شہری کسی بھی وقت اپنے ملک کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے کو تیار ہے،اسلامی جمہوریہ پاکستان کو حاصل کرنے کے لیے ہمارے بزرگوں نے بے حد قربانیاں دیں،اور ان کے بہتے ہوئے خون کے صلے میں ہمیں پیارا وطن پاکستان حاصل ہوا۔

کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ سمجھنے کی بات یہ ہےکہ اس وطن عزیز پاکستان کو حاصل کرنے کا اصل  مقصد کیا تھا؟  انہوں نے کہا کہ   مقصد تھا  پاکستان میں مسلمان آزادانہ زندگی بسر کر کے اسلام کی سربلندی کے لئے کام کر سکیں، معاشی اور ثقافتی لحاظ سے دنیا کے نقشے پر کامیاب ہو سکیں۔ اسکے ساتھ ساتھ پاکستان میں تمام مذاہب کو آزاد حیثیت دی گئی کہ ہر مذہب اور قوم کے لوگ آزادانہ زندگی گزار سکیں، جسکے لئے قائد اعظم نے کہاکہ ہماری پہچان صرف یہ ہے کہ ہم پاکستانی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  آج پاکستان معاشی لحاظ سے بہت پیچھے رہ  گیا ہے،مسلک پرستی بہت بڑھ گئی ہے،دیگر شر پسند عناصر ملک پاکستان کو پیچھے دھکیلنے کے درپے ہیں یہاں تک کہ لوگ کسی بھی طرح کی برائی کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں،کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ کسی بھی ملک کی نوجوان نسل اس قوم کی سرمایہ ہوتی ہے  ،  ملک پاکستان کی ترقی کے لیے تمام پاکستانیوں اور خصوصاً نوجوان نسل کو اہم کردار ادا کرنا ہو گا  اور فرقہ وارانہ سرگرمیوں سے دور رہنا ہو گا ، معاشی لحاظ سے ملک کو بہتر بنانے کیلئے ہم سب کو محنت کرنی ہوگی ، منشیات جیسی لعنت کو ترک کرنا ہو گا اورسکولوں کالجوں اور یونیورسٹیوں کو آباد کرنا ہو گا ۔ اگر ہم وطن عزیز کو اس دنیا کے نقشے پر کامیاب دیکھنا ہے تو ہم سب پاکستانیوں کو اپنے لئے محنت کرنے کے ساتھ ملکی ترقی کے لیے محنت کرنی ہوگی۔

کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے مزید کہا  کہ ہم ہر سال جشن آزادی پاکستان بڑے جوش و جذبے سے مناتے ہیں اور اپنے وطن سے محبت کا اظہار کرتے ہیں،اور چونکہ محرم الحرام ایک مقدس مہینہ ہے جس کا احترام ہر مسلمان پر واجب ہے  ،  رواں برس محرم الحرام کی وجہ سے جشن آزادی پر امن طریقے سے منایا جائے گا ،  عوام الناس کی سیکیورٹی پولیس کا فرض ہے اور سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، شرپسند عناصر کو جنم نہی لینے دیا جائے گا،انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے سلسلے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں اس حوالے سے جنوبی پنجاب پولیس آفس میں قائم کنٹرول روم جنوبی پنجاب کے تمام ریجنل اور ضلعی کنٹرول روم سے رابطے میں ہے اور جنوبی پنجاب میں فیلڈ پولیس افسران کی تمام عناصر پر کڑی نظر ہے۔  کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان نے پر امن ماحول رکھنے کےلئے عوام الناس سے بھی پولیس سے بھی تعاون کی اپیل کی ہے کہ عوام بھی شرپسند عناصر پر نگاہ رکھے اور کسی بھی غیر زمہ دارانہ سرگرمی سے متعلق فوری پولیس کو آگاہ کرے۔